الحمدللہ شفیق الامہ مولانا ڈاکٹر قاسم محمود حفظہ اللہ کے وژن اور فکر مندی کے مطابق جامع مسجد فاطمہ میٹروول میں حسب سابق ہر جمعہ کی طرح اس جمعہ کو بھی جمعہ برکت دسترخوان سجا، جس میں درجنوں افراد نے اپنی ضرورت کے مطابق شرکت کی اور کھانا کھایا۔
جمعہ برکت دسترخوان ایک خاص وژن اور سوچ کے تحت قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد صرف ضرورت مند افراد کو کھانا فراہم کرنا نہیں، بلکہ ہر شخص میں یہ احساس جگانا ہے کہ وہ اپنے اردگرد اپنی اسپیس اور بساط کے مطابق ضرورت مندوں کو تلاش کرے اور جس قدر ہوسکے ان کے کام آئے۔ اس دسترخوان پر ضرورت مند بھی بیٹھتے ہیں اور مسجد کے عام نمازی بھی۔ جن میں صاحب استطاعت حضرات بھی شامل ہوتے ہیں۔ یہ حضرات ضرورت مندوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کی ضرورتوں سے بھی آگاہ ہوجاتے ہیں۔
اس دسترخوان کا یہی پیغام ہے کہ ہر شخص دین حق کی تعلیمات اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سنت کے مطابق اپنے اندر دوسروں کے کام آنے اور ضرورت مندوں کا خیال رکھنے کا احساس اور فکر پیدا کرے۔ اللہ تعالیٰ سب کو توفیق عطا فرمائے اور ہر ایک کی خدمات کو قبول و منظور فرمائے، آمین۔

