(تحریر: مولانا ڈاکٹر قاسم محمود)
جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما، مولانا سلیم اللہ خان ترک کے انتقال کی خبر نے دل کو شدید رنج و ملال میں مبتلا کر دیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو کامل مغفرت عطا فرمائے، درجات بلند کرے اور ان کے نیک اعمال کو مزید حسنات میں تبدیل فرمائے۔
مرحوم کا تعلق ہمارے علاقے الائی سے تھا۔ انہوں نے حفظ قرآن کریم کی سعادت ہمارے والد گرامی حضرت اقدس مولانا مفتی محمد مظفرالدین علیہ الرحمہ کے زیرِ سایہ جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم سے حاصل کی۔
مولانا سلیم اللہ خان ترک ایک دبنگ اور نڈر عالم دین تھے، جو حق کہنے سے کبھی پیچھے نہ ہٹے۔ اپنی حق گوئی کی قیمت انہوں نے بارہا مشکلات اور مصائب برداشت کر کے بھی ادا کی۔
وہ زندگی کے بیشتر ایام جمعیت علمائے اسلام سے وابستہ رہے اور جوانی اور ادھیڑ عمری کا بڑا حصہ جماعتی فعالیت کے ساتھ گزارا۔ اللہ تعالیٰ ان کی تمام دینی خدمات کو قبول فرمائے، آمین۔

